پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حلیم حاذق کی غزلیں — Halim Hazique Ghazals

حلیم حاذق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کوئی چراغ ہے آنسو ہے یا شرارہ ہے (غزل)

کوئی چراغ ہے آنسو ہے یا شرارہ ہے

مری نگاہ نے آخر کسے پکارا ہے

بہاؤ دیکھ کے کشتی کو یہ ہوا دھوکا

مرے نصیب میں دریا نہیں کنارا ہے

اگرچہ زعم ہے صحرا کو بے کناری کا

یہ تشنگی بھی سمندر کا استعارہ ہے

کبھی وجود کے کوفے کی سمت مت جانا

ہر ایک سانس جہاں عمر کا خسارہ ہے

مری زمین کبھی آسماں سے دور نہ تھی

تو کس نے ابر سمندر پہ یوں اتارا ہے

بہت سنبھال کے پڑھنا حروف خستہ کو

کتاب زیست کا یہ اولیں شمارہ ہے

سخنوران سبک گام کو خبر ہی نہیں

نئی غزل میں جو مابعد کا اشارہ ہے

ہر ایک عہد کی تہذیب مختلف ہے حلیمؔ

خلائی دور سے اب سابقہ تمہارا ہے

اک انتشار کا عالم ہے دل کے تاروں میں (غزل)

اک انتشار کا عالم ہے دل کے تاروں میں

ہوا نے زہر سا گھولا ہے پھر بہاروں میں

سروں پہ تیغ لٹکتی ہے بے زبانی کی

مری صدا بھی مقید ہوئی حصاروں میں

نہ آرزو نہ تڑپ ہے نہ زندگی کی للک

سلگ رہا ہے بدن کرب کے شراروں میں

ورق ورق ہے لہو سرخ سرخ تحریریں

عجیب کیفیت درد ہے نظاروں میں

غزل کی آبرو ہم سے حلیم حاذقؔ ہے

شمار ہوتا ہے اپنا سخن شعاروں میں