حلیمہ سعدیہ شگفتہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تو مرے جگر کا قرار ہے تو مری نظر کی تلاش ہے (غزل)
تو مرے جگر کا قرار ہے تو مری نظر کی تلاش ہے
تجھے بھول سکتی ہوں کس طرح کہ تو عمر بھر کی تلاش ہے
مرے ہم نفس مرے ہم نوا مری زندگی کا ہر ایک پل
ہے اداس کتا تو دیکھ لے تری اک نظر کی تلاش ہے
مرے خواب میں مری سانس میں مری سوچ میرے خیال میں
ترے ہجر کی شب تار ہے کسی اک قمر کی تلاش ہے
ہے اداس چاند کی چاندنی ہے گلوں کا حسن بھی بے اثر
میں جبیں میں سجدے لئے پھروں کسی سنگ در کی تلاش ہے
تری زلف بکھرے چلے ہوا ترے لب کھلیں تو کلی کھلے
ہمیں زیر سایہ سکوں ملے اسی اک شجر کی تلاش ہے
وہ کون ہے فرصت سے مجھے یاد کرے ہے (غزل)
وہ کون ہے فرصت سے مجھے یاد کرے ہے
دل غم سے ہو معمور تو وہ شاد کرے ہے
پھر دیجئے دیوانے کی ہمت کو ذرا داد
ویرانے کا ویرانہ جو آباد کرے ہے
سرمایہ محبت کا تری جس نے ہے لوٹا
کیا دے گا وہ کیوں اس سے تو فریاد کرے ہے
ٹی وی کے حسیں روپ میں ہے کیسی ترقی
کردار جوانوں کا جو برباد کرے ہے
آئے گی کبھی صبح سکوں بخش یہاں بھی
امید یہی درد سے آزاد کرے ہے
اک شان سے کرتی ہوں گوارا اسے ہر دن
جو طرز ستم روز وہ ایجاد کرے ہے
وہ جس نے کبھی زخم کھلائے تھے شگفتہؔ
کیا سوچ کے پھر اس کو ہی تو یاد کرے ہے
پیار انسان کی ضرورت ہے (نظم)
پیار انسان کی ضرورت ہے
دور دل سے کرے کدورت ہے
پیار الفت وفا مروت ہے
پیار ہمدردی و اخوت ہے
پیار کی چاہ ہر بشر کو ہے
جستجو اس کی ہر نظر کو ہے
بوڑھے بچے جوان یا بیمار
ہر نفس کی طلب بنا ہے پیار
پیار کچھ اس قدر ضروری ہے
زندگی پیار بن ادھوری ہے
پیار ہے دو دلوں کا میل نہیں
بزدلوں کے یہ بس کا کھیل نہیں
پیار تو آسماں کی وسعت ہے
پیار سارے جہاں کی رفعت ہے
پیار کی مہربانیوں کے تلے
اونچے اونچے پہاڑ بھی ہیں کھڑے
پیار دریاؤں کی روانی ہے
پیار اک ان کہی کہانی ہے
پیار اک بے بہا خزانہ ہے
یہ حقیقت ہے کب فسانہ ہے
پیار چوڑی کی ہر کھنک میں ہے
پیار گھنگھرو کی ہر جھنک میں ہے
پیار ناری کی مانگ کی بندی
پیار اردو زباں ہے اور ہندی
پیار چنچل جواں حسیں راتیں
پیار معصوم و شوخ تر باتیں
پیار اندھے کی آنکھ کی جیوتی
پیار نربل کے ہاتھ کا موتی