پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حلیم صابر کی غزلیں — Haleem Sabir Ghazals

حلیم صابر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پھر ہم کو احتیاط سے چلنا بھی آ گیا (غزل)

پھر ہم کو احتیاط سے چلنا بھی آ گیا

ٹھوکر لگی گرے تو سنبھلنا بھی آ گیا

سہمے ہوئے ہیں کچے مکانوں کے بام و در

اب گاؤں کی ندی کو ابلنا بھی آ گیا

انگڑائی لی چمن میں جو فصل بہار نے

سوکھے شجر کو پھولنا پھلنا بھی آ گیا

ڈالا گیا جو تیل تو لو تیز ہو گئی

بجھتے ہوئے چراغ کو جلنا بھی آ گیا

گھر لوٹے ہم سفر سے کھلونے لئے ہوئے

بچوں کو اب خوشی سے اچھلنا بھی آ گیا

تھی مدتوں جو چھائی ہوئی مجھ پہ بے حسی

دیکھا تمہیں تو دل کو مچلنا بھی آ گیا

صابرؔ مرے لئے تھے جو دشوار راستے

ان راستوں پہ اب مجھے چلنا بھی آ گیا

میں بدلتے ہوئے حالات پہ اکثر رویا (غزل)

میں بدلتے ہوئے حالات پہ اکثر رویا

دیکھ کر شہر کا بدلا ہوا منظر رویا

چپ ہوا رو کے جو پھر رویا مکرر رویا

رو کے جب جی نہ بھرا میرا تو جی بھر رویا

جیسے تیسے مجھے رونا کبھی آیا ہی نہیں

جب بھی رویا میں بہت سوچ سمجھ کر رویا

منحصر تھا مرا رونا بھی مری مرضی پر

چند لمحے کبھی رویا کبھی دن بھر رویا

مجھ کو رونے کا ہنر آ گیا روتے روتے

رونے والوں سے بہ ہر طور میں بہتر رویا

میرے رونے کا بھی انداز عجب تھا صابرؔ

روتے روتے جو ہنسی آئی تو ہنس کر رویا