حلیم قریشی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
موسم ہجر کے آنے کے شکایت نہیں کی (غزل)
موسم ہجر کے آنے کے شکایت نہیں کی
اے مرے دل تجھے کیا ہو گیا وحشت نہیں کی
کوئی الزام کوئی طنز کوئی رسوائی
دن بہت ہو گئے یاروں نے عنایت نہیں کی
لفظ کے شوق میں ایسا بھی مقام آیا ہے
جز کسی شعر کی آمد کوئی حسرت نہیں کی
جس کے نشے میں کوئی ہجر گزار آئے ہیں
وہ گھڑی وصل کی ہم نے کبھی رخصت نہیں کی
اب تجھے کیسے بتائیں کہ تری یادوں میں
کچھ اضافہ ہی کیا ہم نے خیانت نہیں کی
سارے معیار وفاؤں کے نبھائے ہم نے
اس کو چھوڑا تو بہت سوچ کے، عجلت نہیں کی
عشق دریا بھی سمندر بھی کنارہ بھی حلیمؔ
ڈوبنے والے کو دیکھا ہے تو حیرت نہیں کی
کمرہ تو یہ کہتا ہے کچھ اور ہوا آئے (غزل)
کمرہ تو یہ کہتا ہے کچھ اور ہوا آئے
کھڑکی سے نہ گزرے تو دیوار ہٹا آئے
سر پر ہے سفر اتنا خاموش ہو تم جتنا
جیتے ہو کہ مرتے ہو کوئی تو صدا آئے
آگے جو قدم رکھا پیچھے کا نہ غم رکھا
جس راہ سے ہم گزرے دیوار اٹھا آئے
اے منتظم ہستی اک چھوٹی سی خواہش ہے
اس دن مجھے جینے دے جس روز قضا آئے
اب اس کو نمو دیکھیں دیتا ہے شجر کیسے
ٹوٹی ہوئی کچھ شاخیں مٹی میں دبا آئے