پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حکیم مظہر سبحان عثمانی کی غزلیں — Hakim Mazhar Subhan Usmani Ghazals

حکیم مظہر سبحان عثمانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خوشی دیکھتے ہیں نہ غم دیکھتے ہیں (غزل)

خوشی دیکھتے ہیں نہ غم دیکھتے ہیں

فقط تیری مرضی کو ہم دیکھتے ہیں

کبھی ان نگاہوں سے تم بھی تو دیکھو

تمہیں جن نگاہوں سے ہم دیکھتے ہیں

یہ کہہ دو وہ طوفاں سے دامن بچائیں

جو ہنس ہنس کے یہ چشم نم دیکھتے ہیں

یہاں پر خودی عشق کی جاگ اٹھی ہے

وہاں حسن کا سر بھی خم دیکھتے ہیں

تمہارے ستم کا انہیں خوف کیا ہو

ستم میں جو لطف و کرم دیکھتے ہیں

نہیں پائیں گے اپنی منزل وہ مظہرؔ

جو غیروں کے نقش قدم دیکھتے ہیں

پھولوں سے رسم و راہ کیے جا رہا ہوں میں (غزل)

پھولوں سے رسم و راہ کیے جا رہا ہوں میں

امرت سمجھ کے زہر پئے جا رہا ہوں میں

اک انس ہو گیا ہے غم عاشقی کے ساتھ

دانستہ اک گناہ کیے جا رہا ہوں میں

جس کی مجھے زمانے سے قیمت نہ مل سکی

وہ کائنات درد لیے جا رہا ہوں میں

مانا کہ زندگی مری ناکام ہے مگر

کوئی تو بات ہے کہ جئے جا رہا ہوں میں

لاکھوں ستم ادھر سے ادھر ایک خامشی

دنیا کو اک پیام دئے جا رہا ہوں میں

دیوانگی میں فرض شناسی نہیں گئی

دامان گل کے چاک سیے جا رہا ہوں میں

مظہرؔ کسی کے چشم تغافل کے باوجود

امید التفات کیے جا رہا ہوں میں