حکیم خان حکیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
رخ ہوا کا بدل سکو تو چلو (غزل)
رخ ہوا کا بدل سکو تو چلو
ہے کڑی دھوپ چل سکو تو چلو
مختلف رنگ ہیں زمانے کے
اس کی رنگت میں ڈھل سکو تو چلو
راستے میں بہت اندھیرا ہے
شمع کی طرح جل سکو تو چلو
خواہشیں سر بہت اٹھاتی ہیں
خواہشوں کو کچل سکو تو چلو
جن حدوں میں الجھ گئے ہو تم
ان حدوں سے نکل سکو تو چلو
زندگی ہے کڑی کماں کی طرح
تیر بن کر نکل سکو تو چلو
آسماں سے گرا دیا مجھ کو (غزل)
آسماں سے گرا دیا مجھ کو
اس تکبر نے کیا دیا مجھ کو
کتنا گمراہ ہو گیا تھا میں
اس نے خود سے ملا دیا مجھ کو
میں کسی طرح مطمئن نہ ہوا
خواہشوں نے جلا دیا مجھ کو
یوں ہی سمت سفر نہیں ملتی
مرحلوں نے جتا دیا مجھ کو
اس نے بس اک نظر ہی ڈالی تھی
اور پتھر بنا دیا مجھ کو