دنیش کمار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کچھ حقیقت ہے کچھ کہانی ہے (غزل)
کچھ حقیقت ہے کچھ کہانی ہے
صرف کہنے کو حق بیانی ہے
عشق فانی رواں ہوا جب جب
حسرتوں پر چڑھی جوانی ہے
ناؤ ساحل پہ آ کے ڈوب گئی
ناخداؤں کی مہربانی ہے
جو دیے اوٹ میں تھے وہ ہی بجھے
یہ ہواؤں کی پاسبانی ہے
زرد پتوں نے مسکرا کے کہا
فصل گل ہے ہوا سہانی ہے
شام کی چائے ان کے ساتھ پیوں
دل کی حسرت بہت پرانی ہے
روشنائی بنائی اشکوں سے
میری غزلوں میں اب روانی ہے
بچپن تھا وہ ہمارا یا جھونکا بہار کا (غزل)
بچپن تھا وہ ہمارا یا جھونکا بہار کا
لوٹ آئے کاش پھر وہ زمانہ بہار کا
کھڑکی میں اک گلاب مہکتا تھا سامنے
برسوں سے بند ہے وہ دریچہ بہار کا
کلیوں کا حسن گل کی مہک تتلیوں کا رقص
ہے یاد مجھ کو آج بھی چہرہ بہار کا
عرصہ گزر گیا پہ لگے کل کی بات ہو
اس باغ حسن میں مرا درجہ بہار کا
دور خزاں میں دل کے بہلنے کا ہے سبب
آنکھوں میں میری قید نظارہ بہار کا
کلیاں کو باغباں ہی مسلتا ہے جب کبھی
روتا ہے زار زار کلیجہ بہار کا
مرضی پہ گلستاں کی بھلا کب ہے منحصر
آنا بہار کا یا نہ آنا بہار کا