پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دنیش کمار درونا کی غزلیں — Dinesh Kumar Drouna Ghazals

دنیش کمار درونا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نومبر کی وہی سردی مبارک (غزل)

نومبر کی وہی سردی مبارک

تمہیں اس ربط کی برسی مبارک

مبارک ہو ترے ہاتھوں کو مہندی

ہماری آنکھ کو سرخی مبارک

اگر دنیا ہی تھی خواہش تمہاری

چلو تو پھر تمہیں وہ ہی مبارک

زمانے بھر کا ہو کر رہنے والے

تجھے رشتوں کی آسانی مبارک

حوالے خود کو تم نے کر دیا اس

نئے ملاح کو کشتی مبارک

مکاں میں پھر مکیں بدلے گئے ہیں

مکاں کو پھر نئی تختی مبارک

بڑا ہی تلخ لہجہ ہے زباں پر (غزل)

بڑا ہی تلخ لہجہ ہے زباں پر

لئے ہو بوجھ کیسا جسم و جاں پر

نشاں دیوار دل کا کہہ رہا ہے

کوئی تصویر تھی پہلے یہاں پر

جہاں وہ دکھ رہے ہوتے ہیں پھر تو

کوئی دکھتا نہیں ہم کو وہاں پر

مری قیمت مجھے بھی جاننی تھی

سو میں نے رکھ دیا خود کو دکاں پر

جہاں کا ہر مسافر راہبر ہو

ترس آتا ہے ایسے کارواں پر

مرا دار و مدار زندگی بھی

ٹکا ہے بس تمہاری ایک ہاں پر

نہ جانے کون سا گھر ہو تمہارا

سو دستک دے رہا ہوں ہر مکاں پر

اسے حیران کرنا تھا سو میں نے

زمیں لے جا کے رکھ دی آسماں پر