دناکشی سحر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہوئی جو رات پہلو میں خوشی سے مر گئے ہم تو (غزل)
ہوئی جو رات پہلو میں خوشی سے مر گئے ہم تو
اگر تیرے ہی آنگن میں سحر ہوتی تو کیا ہوتا
گزر تو یوں بھی جائے گی کڑکتی دھوپ میں تنہا
ترے دامن کے سائے میں بسر ہوتی تو کیا ہوتا
ہزاروں راستے وا تھے مگر تجھ تک جو پہنچاتی
کہیں وہ ایک چھوٹی سی ڈگر ہوتی تو کیا ہوتا
تری اس سرد مہری میں کسک سی بھی نمایاں ہے
خدایا یہ نوازش بھی نہ گر ہوتی تو کیا ہوتا
تری سب داستانوں میں مرے قصہ لکھے ہوتے
دعا وہ ایک میری با اثر ہوتی تو کیا ہوتا
بہت ہی پر سکوں نکلے ترے آغوش سے پھر ہم
کہ یہ آسودگی آٹھوں پہر ہوتی تو کیا ہوتا
لاکھ چہرے تھے مگر تجھ سا کہیں پر بھی نہ تھا (غزل)
لاکھ چہرے تھے مگر تجھ سا کہیں پر بھی نہ تھا
تھا نہ بہتر تجھ کو کھو کر حال بد تر بھی نہ تھا
اتنا کر دیتا کہ تو کوئی مجھے الزام دے
دی سزا پر جرم کوئی تو مرے سر بھی نہ تھا
لڑکھڑائے پیر پھر کیوں کیوں نظر کھو سی گئی
صرف تیری یاد تھی ہاتھوں میں ساغر بھی نہ تھا
ہو گیا جتنا کہ تنہا دوستوں کی بھیڑ میں
دشت و ویراں میں اکیلا خود کو پا کر بھی نہ تھا
سچ ہے یوں تو غم بہت تھے قید کر پائے نہیں
آسماں سر پہ کھلا تھا دل یہ بے پر بھی نہ تھا
تھی نہ کوئی ایسی منزل جو مجھے آواز دے
مجھ کو رکھے باندھ کر ایسا مرا گھر بھی نہ تھا