پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دلشاد احمد کی غزلیں — Dilshad Ahmad Ghazals

دلشاد احمد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شب فرقت میں ہم جب بھی خطوط یار پڑھتے ہیں (غزل)

شب فرقت میں ہم جب بھی خطوط یار پڑھتے ہیں

مراسم صبر سے دل کے اسی لمحہ بگڑتے ہیں

نہ ہم کو چھیڑ اے ساون نہیں تو یہ بھی ممکن ہے

وہ بادل بھی برس اٹھیں جو سینے میں امڈتے ہیں

نظر پڑتی ہے جب جب بھی تمہاری زلف برہم پر

ستارے توڑ لانے کو ہمارے ہاتھ بڑھتے ہیں

دغا بازی بدل دیتی ہے اکثر رنگ چہروں کا

وہ پتے زرد ہوتے ہیں جو شاخوں سے بچھڑتے ہیں

تم اپنے ہم زبانوں کی صدائیں سوچ کر سننا

یہاں پر لوگ تیتر سے ہی تیتر کو پکڑتے ہیں

ریاکاری کا جادو دیر تک چلتا نہیں دلشادؔ

کلف والے کڑک کپڑے بھی دھلتے ہی سکڑتے ہیں

مری اس بات سے شاید مری اس بات سے شاید (غزل)

مری اس بات سے شاید مری اس بات سے شاید

اسے پرہیز ہے یا پھر مری اوقات سے شاید

یہ بے خوابی ہماری بے سبب تو ہو نہیں سکتی

نہیں آئی انہیں بھی نیند پچھلی رات سے شاید

گھٹا چھاتے ہی سینے میں ہوئی محسوس شادابی

ہرے ہوتے ہیں دل کے زخم بھی برسات سے شاید

کھلونوں کی طرف بازار میں دیکھا نہیں کرتے

مرے بچے بھی واقف ہیں مرے حالات سے شاید

گیا ہے پھر محل سے جھونپڑی میں نامۂ الفت

کوئی پھر چاہتا ہے کھیلنا جذبات سے شاید

تجھے اس دور میں بھی دوستی پر ناز ہے دلشادؔ

ابھی ناآشنا ہے دوستوں کی ذات سے شاید