دلنواز صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تم اپنے آپ کو بدلو تو دوسرا بدلے (غزل)
تم اپنے آپ کو بدلو تو دوسرا بدلے
تمہیں یہ شوق کہ کردار آئینہ بدلے
دل و دماغ کی راہیں ہیں مختلف کب سے
تمہارے قرب سے شاید یہ فاصلہ بدلے
کوئی تو خوف مقدر سے بے عمل ہو جائے
کوئی عمل ہی سے قسمت کا فیصلہ بدلے
انا کے زہر کو تھوکو تو متحد ہو جائیں
بدی سے ہارتے رہنے کا سلسلہ بدلے
تمام لمحوں کے موسم اسی کے ہاتھ میں ہیں
خدا یوں ہی رکھے کس کس کو کون سا بدلے
فریب فکر و نظر ہے کہ یہ ہے عظمت حرف
کہ متن یوں ہی رہے صرف حاشیہ بدلے
جو اپنی پلکوں پہ آنسو سجائے رکھتے ہیں (غزل)
جو اپنی پلکوں پہ آنسو سجائے رکھتے ہیں
وہ آستینوں میں خنجر چھپائے رکھتے ہیں
جنہیں سکھایا تھا تہذیب کا سبق ہم نے
ہمارے بارے میں سنگین رائے رکھتے ہیں
وفا کے خون کی سرخی کے ساتھ چہرے پر
ہم ان کی یاد کے زیور سجائے رکھتے ہیں
مریض رنگوں میں اپنے یہ برگ ہائے خزاں
حیات نو کا تبسم چھپائے رکھتے ہیں
یہ حسن فکر ہے ارباب نظر کا کہ سدا
سکوت میں بھی اشارے کنائے رکھتے ہیں
غرور سے تری گردن تنی ہوئی کیوں ہے
کہ سر تو کاندھوں پہ ہم بھی اٹھائے رکھتے ہیں