دلنواز خاں دلنواز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
گرائیں دل کے نشیمن پہ بجلیاں اس نے (غزل)
گرائیں دل کے نشیمن پہ بجلیاں اس نے
امید و پیار کی بھڑکا دیں بستیاں اس نے
مرے خلوص سے پائیں یہ شوخیاں اس نے
خوشی کے پاؤں کو دیں غم کی بیڑیاں اس نے
غم حیات کی دیکھی نہ جھلکیاں اس نے
سہم سہم کے بظاہر لیں سسکیاں اس نے
سنی بغور جوں ہی دل پہ بیتیاں اس نے
اٹھائی میرے ارادوں کی ارتھیاں اس نے
مرے وقار کا پیدا یہاں سوال ہوا
مری طرف جو اٹھائی ہیں انگلیاں اس نے
اڑا کے بند جو کی دست ناز سے کھڑکی
بنائیں ایسے مرے خط کی تتلیاں اس نے
وفا کے بعد بھی اے دل نوازؔ حیرت ہے
اڑا دیں رہ کے مرے دل کی دھجیاں اس نے
یہ کیسے درد نے قصہ کا اختتام کیا (غزل)
یہ کیسے درد نے قصہ کا اختتام کیا
مجھے مٹانے کا اک ذوق ناتمام کیا
وہ سبزہ سوکھا وہ پیڑوں سے گر پڑے پتے
ہماری موت کا کس کس نے احترام کیا
اٹھا جنازہ تو آنسو بہا کے بادل نے
وضو کا کتنا یہ بر وقت انتظام کیا
بہشت اور جہنم کے درمیاں رکھا
مرے گناہوں نے اتنا تو ایک کام کیا
ہے دل نوازؔ یہ دنیا کا ایک کھیل نیا
کسی نے لوٹا ہمیں اور کسی کا نام کیا