پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دلکش ساگری کی غزلیں — Dilkash Sagari Ghazals

دلکش ساگری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چاند بھی ستاروں کو ساتھ لے کے چلتا ہے (غزل)

چاند بھی ستاروں کو ساتھ لے کے چلتا ہے

جانے کیوں بھٹکتے ہیں لوگ بے سبب تنہا

دیکھیے اندھیروں کے جسم کب پگھلتے ہیں

تیرگی زیادہ ہے اور چراغ شب تنہا

ہم جگر فگاروں کی اس ادا کو کیا کہیے

بیٹھتے ہیں سب مل کر سوچتے ہیں سب تنہا

آپ کو نہ راس آئی انجمن تو کیا ہوگا

ہم تو کاٹ ہی لیں گے اپنے روز و شب تنہا

اور ہم کہاں جائیں کسی سے روشنی مانگیں

شہر میں تمہیں تو ہو ایک مہ لقب تنہا

پھر گلاب کی شاخیں سج گئیں قرینوں سے (غزل)

پھر گلاب کی شاخیں سج گئیں قرینوں سے

آپ بھی اتر آئیں چاندنی کے زینوں سے

اپنی پاک بازی کا پھر ثبوت دے لینا

تم لہو تو دھو ڈالو پہلے آستینوں سے

دشمنوں کے خیموں میں کھل کے جائیے صاحب

ہاں مگر بچے رہئے خوش ادا حسینوں سے

ان کے عارض و لب کو چاند سے نہ دو تشبیہ

پتھروں کو کیا نسبت قیمتی نگینوں سے

کوئی ان کو جا کر یہ التماس پہنچا دے

آپ کو نہیں دیکھا ڈیڑھ دو مہینوں سے

خوش لباس موجوں نے پیرہن بدل ڈالے

آپ بھی ذرا لنگر کھولیے سفینوں سے

ماسوائے محرومی اور کچھ نہیں پایا

عاقلوں کی بستی میں مل لئے ذہینوں سے