پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دلدار ہاشمی کی غزلیں — Dildar Hashmi Ghazals

دلدار ہاشمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جب کوئی زخم ابھرتا ہے کناروں جیسا (غزل)

جب کوئی زخم ابھرتا ہے کناروں جیسا

دل تڑپتا ہے مرا موج کے دھاروں جیسا

جب کوئی عکس چمکتا ہے ستاروں جیسا

میرا قد بھی نظر آتا ہے مناروں جیسا

تیرے ہی در پہ مجھے آ کے سکوں ملتا ہے

اک سہارا بھی نہیں تیرے سہاروں جیسا

آج بھی سب کے دلوں پہ ہے حکومت جس کی

وہ چٹائی پہ بھی لگتا ہے دلاروں جیسا

میرے ہی دم سے مہکتا ہے گلستاں پھر بھی

سب کی آنکھوں میں کھٹکتا ہوں میں خاروں جیسا

اب تو سوکھے ہوئے پتے ہی نظر آتے ہیں

میرے آنگن میں بہت کچھ تھا بہاروں جیسا

آئنہ کون دکھائے گا مجھے اے دلدارؔ

میرے دشمن کا بھی برتاؤ ہے یاروں جیسا

روانی غم کی جس میں تھی وہ جوہر دے دیا میں نے (غزل)

روانی غم کی جس میں تھی وہ جوہر دے دیا میں نے

غزل پیاسی تھی جذبوں کا سمندر دے دیا میں نے

جس آبادی میں بے سورج اندھیرا ہی اندھیرا تھا

اسے بھی چاندنی راتوں کا منظر دے دیا میں نے

جو مدت سے گرے تھے بے پر و بالی کی کھائی میں

اڑانوں کے لیے ان کو بھی شہ پر دے دیا میں نے

جو پلکوں پر سجا کر آس کے کچھ خواب بیٹھے تھے

انہیں ان کی تمناؤں کا مظہر دے دیا میں نے

کہو دلدارؔ مجھ سے اور کیا اب چاہیئے تم کو

تمہارے شہر کو تہذیب کا گھر دے دیا میں نے