پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دلدار دہلوی کی غزلیں — Dildar Dehlvi Ghazals

دلدار دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

رقیبوں کو یوں بھی ستایا کرو (غزل)

رقیبوں کو یوں بھی ستایا کرو

دیے بجھ رہے ہوں تب آیا کرو

یہ عاشق کبھی ناچتے ہی نہیں

انہیں انگلیوں پر نچایا کرو

نقاب اپنے چہرے پہ رکھو سدا

فقط ہم کو چہرہ دکھایا کرو

یہ پیغام لائیں گے لے جائیں گے

چھتوں پر کبوتر اڑایا کرو

گلوں کو جلن تم سے ہونے لگی

سنو تم چمن میں نہ جایا کرو

تمہارے پرستار ہیں ڈھیر سے

ہنسو اور سب کو رلایا کرو

کوئی دوسرا میرے جیسا نہیں

میں دلدارؔ ہوں آزمایا کرو

ٹھان لی اس نے جب کچھ کر دکھلانے کی (غزل)

ٹھان لی اس نے جب کچھ کر دکھلانے کی

ایک غزل تب رچ ڈالی پروانے کی

تو نے اس کو پاگل کر کے چھوڑ دیا

دیکھا کیسی حالت ہے دیوانے کی

مدت بعد بھی اس کے تیور ویسے تھے

کس نے کوشش کی تھی مجھے منانے کی

اپنی زلفوں میں اٹکا کر دل میرا

کوشش ان کی ہے احسان جتانے کی

دل توڑا ہے آپ نے میرا اس کے بعد

سوچ رہے ہیں میت میری اٹھانے کی

ان کی نظروں سے دلدارؔ جھلکتا ہے

تیاری ہے عاشق کو دفنانے کی