دل شاہجہاں پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہر سانس ہے شرح ناکامی پھر عشق کو رسوا کون کرے (غزل)
ہر سانس ہے شرح ناکامی پھر عشق کو رسوا کون کرے
تکمیل وفا ہے مٹ جانا جینے کی تمنا کون کرے
جو غافل تھے ہشیار ہوئے جو سوتے تھے بیدار ہوئے
جس قوم کی فطرت مردہ ہو اس قوم کو زندہ کون کرے
ہر صبح کٹی ہر شام کٹی بیداد سہی افتاد سہی
انجام محبت جب یہ ہے اس جنس کا سودا کون کرے
حیراں ہیں نگاہیں دل بے خود محجوب ہے حسن بے پروا
اب عرض تمنا کس سے ہو اب عرض تمنا کون کرے
فطرت ہے ازل سے پابندی کچھ قدر نہیں آزادی کی
نظروں میں ہیں دل کش زنجیریں رخ جانب صحرا کون کرے
کوچہ گردی میں جوانی جائے گی (غزل)
کوچہ گردی میں جوانی جائے گی
خاک ہو کر زندگانی جائے گی
مٹ نہیں سکتا ہمارے دل کا داغ
قبر میں بھی یہ نشانی جائے گی
سچ ہے میری بات کا کیا اعتبار
سچ کہوں گا جھوٹ جانی جائے گی
حضرت دلؔ جب بڑھاپا آئے گا
خیر مقدم کو جوانی جائے گی