پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دل سکندرپوری کی غزلیں — Dil Sikandarpuri Ghazals

دل سکندرپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زندگی کو اک کہانی چاہیئے (غزل)

زندگی کو اک کہانی چاہیئے

خشک دریا کو روانی چاہیئے

چوم لے بڑھ کر مری تحریر کو

میرے لفظوں کو معانی چاہیئے

کامیابی نہ ملے تو نہ سہی

اپنی قسمت آزمانی چاہیئے

بک رہی ہے کوڑیوں میں شاعری

آپ کو قیمت لگانی چاہیئے

دیکھنے کے واسطے بزم جہاں

شرم کا آنکھوں میں پانی چاہیئے

آئیں جب پلکوں کے دستر خوان پر

آنسوؤں کی میزبانی چاہیئے

دوسروں کے دل میں رہنے کے لیے

شاعری تھوڑی سی آنی چاہیئے

داد دیتے ہو ہمارے عیب پر

آپ کو انگلی اٹھانی چاہیئے

چھین لے پیمانۂ سقراط کو

گر حیات جاودانی چاہیئے

یار احساس ندامت کے لیے

کچھ تری آنکھوں میں پانی چاہیئے

کون اترا میرے دل کے طور پر

ہر نفس کو لن ترانی چاہیئے

مسند شاہی مبارک آپ کو

دلؔ کو دل پر حکمرانی چاہیئے

اپنی رنگین کوئی شام نہیں کر سکتا (غزل)

اپنی رنگین کوئی شام نہیں کر سکتا

چھوڑ کر میں تجھے آرام نہیں کر سکتا

میں نے اک عمر گنوا دی ہے غزل کہنے میں

میرے جیسا تو کوئی کام نہیں کر سکتا

تیری آنکھوں کا لیا کرتا ہوں بوسہ ہر دن

مجھ کو مدہوش کوئی جام نہیں کر سکتا

عشق کو آپ عبادت کی نظر سے دیکھو

عشق انسان کو گمنام نہیں کر سکتا

خود کو برباد کیا میں نے خطا ہے میری

میں ترے سر کوئی الزام نہیں کر سکتا

میں نے ہاتھوں پہ ترا نام نہیں لکھا ہے

میں ترے نام کو بدنام نہیں کر سکتا

میرا دل میرے لیے کعبہ و کاشی ہے دلؔ

میں یہ جاگیر ترے نام نہیں کر سکتا