دل ایوبی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جاتے ہوئے نگاہ ادھر کر کے دیکھ لو (غزل)
جاتے ہوئے نگاہ ادھر کر کے دیکھ لو
ہم لوگ پھر کہاں ہمیں جی بھر کے دیکھ لو
دیتا ہے اب یہی دل شوریدہ مشورہ
جینے سے تنگ ہو تو میاں مر کے دیکھ لو
رہنے کا دشت میں بھی سلیقہ نہیں گیا
یاں بھی قرینے سارے مرے گھر کے دیکھ لو
شاہان کج کلاہ زمیں بوس ہو گئے
تیور مگر وہی ہیں مرے سر کے دیکھ لو
سجدے میں دو جہان ہیں اے دلؔ ہمارے ساتھ
رتبے یہ آستان قلندر کے دیکھ لو
حسیں ہے شہر تو عجلت میں کیوں گزر جائیں (غزل)
حسیں ہے شہر تو عجلت میں کیوں گزر جائیں
جنون شوق اسے بھی نہال کر جائیں
یہ اور بات کہ ہم کو نظر نہیں آئے
مگر وہ ساتھ ہی رہتا ہے ہم جدھر جائیں
حیات عشق کا مقصود بن گئی آخر
یہ آرزو کہ ترا نام لے کے مر جائیں
یہ راہ عشق ہے آخر کوئی مذاق نہیں
صعوبتوں سے جو گھبرا گئے ہوں گھر جائیں
پہنچ کے منزل مقصود پر ہی دم لیں گے
کہ چل پڑے ہیں تو کس منہ سے لوٹ کر جائیں