پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دگمبر پرشاد گوہر دہلوی کی غزلیں — Digamber Parshad Gauhar Dehlvi Ghazals

دگمبر پرشاد گوہر دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عشق نے جلا پائی حسن کے فسانے سے (غزل)

عشق نے جلا پائی حسن کے فسانے سے

زندگی چمک اٹھی تیرے مسکرانے سے

زلف کی گھٹاؤں میں زندگی غزل خواں ہے

لوٹ لے بہار نو حسن کے خزانے سے

رات کی خموشی میں دھڑکنیں مرے دل کی

اور بھی فزوں تر تھیں تیرے یاد آنے سے

انقلاب تعمیری اک حیات تازہ ہے

زندگی نکھرتی ہے انقلاب آنے سے

گوہرؔ سخنور ہی یادگار شاعر ہے

برق کو بھی نسبت ہے داغؔ کے گھرانے سے

کسی صورت سے ہو اب ان سے شرح آرزو ہوگی (غزل)

کسی صورت سے ہو اب ان سے شرح آرزو ہوگی

زباں خاموش ہوگی تو نظر سے گفتگو ہوگی

کسی کو آج تک دیر و حرم میں ڈھونڈھنے والے

کہاں تک اور توہین مذاق جستجو ہوگی

مآل آرزو کے حیرتی کیا تو سمجھتا تھا

شکست آرزو شاید بقدر آرزو ہوگی

کوئی کہہ دے یہ تہذیب نوی کے خام رہبر سے

حقیقت چھپتی جائے گی جہاں تک جستجو ہوگی

پرکھ لیں امتحاں کر لیں کہ یہ گوہرؔ کی عزت ہے

زیادہ چشم شاہ و جوہری میں آبرو ہوگی