پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دھرو گپت کی غزلیں — Dhruv Gupt Ghazals

دھرو گپت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کچھ دہشت ہر بار خریدا (غزل)

کچھ دہشت ہر بار خریدا

جب ہم نے اخبار خریدا

سچ پہ سو سو پردے ڈالے

سپنا اک بیمار خریدا

اس کے بھیتر بھی جنگل تھا

کل جس نے گھر بار خریدا

ایک مشت میں دل دے آیا

ٹکڑا ٹکڑا پیار خریدا

بھولی سی مسکان کی خاطر

کتنا کچھ بیکار خریدا

ہم بے مول لٹا دیتے ہیں

تم نے جو ہر بار خریدا

پیار سے بھی ہم مر جاتے ہیں

آپ نے کیوں ہتھیار خریدا

تنہا منظر ہیں تو کیا (غزل)

تنہا منظر ہیں تو کیا

سات سمندر ہیں تو کیا

ذرا سکڑ کے سو لیں گے

چھوٹی چادر ہے تو کیا

چاند سکوں تو دیتا ہے

زد سے باہر ہے تو کیا

ہم بھی شیشے کے نہ ہوئے

ہر سو پتھر ہیں تو کیا

ہم سا دل لے کر آؤ

جسم برابر ہے تو کیا

بجلی سب پر گرتی ہے

میرا ہی گھر ہے تو کیا

ڈگر ڈگر بھٹکاتی ہے

دل کے اندر ہے تو کیا