پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دھیریندر سنگھ فیاض کی غزلیں — Dheerendra Singh Faiyaz Ghazals

دھیریندر سنگھ فیاض کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دیکھتے دیکھتے ہی سال گزر جاتا ہے (غزل)

دیکھتے دیکھتے ہی سال گزر جاتا ہے

پر ترا غم ہے کہ بڑھتا ہے ٹھہر جاتا ہے

تیرتی رہتی ہے آنکھوں میں تو ہر شب ایسے

جیسے دریا میں کوئی چاند اتر جاتا ہے

کون اس خواب کی تعبیر پہ کرتا ہے یقیں

خواب جو نیند سے لڑتا ہوا مر جاتا ہے

ہم نے آنکھوں کی زبانوں پہ لگائے ہیں قفل

ورنہ دل تیری ہی آوازوں سے بھر جاتا ہے

کوئی ہر روز مجھے چھوڑ کے مر جاتا ہے

جانے وہ کون ہے کیسا ہے کدھر جاتا ہے

ایک ہی وقت میں سکھ دکھ نہیں ملتے مجھ کو

پاؤں گر اپنے بچاؤں تو سفر جاتا ہے

پھر سے دنیا کی طرف دھیان لگایا ہے مگر

خاک اتنے میں ترا دل سے اثر جاتا ہے

ہم اپنے آپ کو اتنا بدل نہیں سکتے (غزل)

ہم اپنے آپ کو اتنا بدل نہیں سکتے

تمہارے کہنے سے چہرہ بدل نہیں سکتے

بدلنا چاہیں اگر کیا بدل نہیں سکتے

مگر جو حال ہے دل کا بدل نہیں سکتے

تمہارے واسطے یعنی بدل چکے ہیں بہت

اب اور خود کو زیادہ بدل نہیں سکتے

عجیب لوگ ہیں دنیا بدلنا چاہتے ہیں

مگر وہ خود کو ذرا سا بدل نہیں سکتے

ڈرے ہوئے ہیں سمندر مری روانی سے

مگر وہ چاہ کے رستہ بدل نہیں سکتے

ہماری ذات کو مدت میں یہ ہوا ہے نصیب

اب اپنے جینے کا لہجہ بدل نہیں سکتے

علاوہ دکھ کے تری قسمتوں میں ہم بھی ہیں

نصیب تیرا لہٰذا بدل نہیں سکتے

وہ ایک دوجے سے آنکھیں بدلتے رہتے ہیں

جو لوگ روز کا رونا بدل نہیں سکتے

بدل رہا ہے رویہ ذرا ذرا ہی سہی

اب ایک دن میں تو سارا بدل نہیں سکتے