پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دھرویندر سنگھ بیدار کی غزلیں — Dharvendra Singh Bedar Ghazals

دھرویندر سنگھ بیدار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیا ہوا جو پر ہمارے پھنس گئے ہیں جال میں (غزل)

کیا ہوا جو پر ہمارے پھنس گئے ہیں جال میں

ہم پرندے اڑ چکے ہیں پہلے بھی اس حال میں

پر کتر ڈالے بھلے صیاد ڈینے نوچ لے

آسماں کو ہم چھوئیں گے ایک دن ہر حال میں

زندگی کے راستے ہوں لاکھ پیچ و خم بھرے

زندگی الجھا نہ پائے گی ہمیں جنجال میں

زندگی میں جیتنا ممکن نہ ہو بے شک مگر

ہارنا سیکھا نہیں ہم نے کسی بھی حال میں

ہوں نہ ہوں ہم کل یہاں بیدارؔ لیکن نیکیاں

ان گنت ہوں گی ہمارے نامۂ اعمال میں

تمہارے نام کے چرچے بہت ہیں (غزل)

تمہارے نام کے چرچے بہت ہیں

ہمارے کام کے چرچے بہت ہیں

محبت کی کوئی بھی داستاں ہو

دل ناکام کے چرچے بہت ہیں

تمہارے ساتھ جو ہم نے گزاری

صنم اس شام کے چرچے بہت ہیں

ہمیں جو ساقیا تو نے پلایا

یہاں اس جام کے چرچے بہت ہیں

گلوں سے پیار دنیا کو نہیں پر

گل و گلفام کے چرچے بہت ہیں

اگرچہ کام ہے سب کی زباں پر

مگر آرام کے چرچے بہت ہیں

یہاں پر نامور کے تذکرے کم

یہاں بدنام کے چرچے بہت ہیں

میاں بیدارؔ کتنے میں بکے ہو

تمہارے دام کے چرچے بہت ہیں