پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دھرم راج دیش راج کی غزلیں — Dharmraj Deshraj 1 Ghazals

دھرم راج دیش راج کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آئنہ جب دکھا دیا تو نے (غزل)

آئنہ جب دکھا دیا تو نے

مجھ کو مجھ سے ملا دیا تو نے

یہ گناہ عظیم ہوتا ہے

جس کو چاہا مٹا دیا تو نے

مقصد زندگی بتا کے مجھے

سو رہا تھا جگا دیا تو نے

ہنستے ہنستے نکل پڑے آنسو

زخم دل پہ لگا دیا تو نے

جانے کتنے جواں فنا ہوں گے

رخ سے پردہ ہٹا دیا تو نے

شکریا اے مرے خدا آخر

نیک انساں بنا دیا تو نے

دل پہ نشتر چلا چلا کے دھرمؔ

مجھ کو شاعر بنا دیا تو نے

درد تم نے دیا وہ تھوڑا تھا (غزل)

درد تم نے دیا وہ تھوڑا تھا

رات ہم نے حساب جوڑا تھا

آج بھی اس جگہ کھڑا ہوں میں

تم نے جیسا جہاں پہ چھوڑا تھا

چاند بادل میں چھپ گیا میرا

حسرتیں ساتھ لے کے دوڑا تھا

آسماں خاک میں ملا دیکھا

موت نے ہر غرور توڑا تھا

نقش پا کہہ رہے کہاں منزل

کون ہے ریت پر جو دوڑا تھا

آنسوؤں سے وہ تربتر نکلا

ماں کا آنچل ذرا نچوڑا تھا

راہ روکے کھڑا رہا ایماں

میری منزل میں یہ ہی روڑا تھا