دھرم پال عاقل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جن کو ہر رنگ میں جینے کا کمال آتا ہے (غزل)
جن کو ہر رنگ میں جینے کا کمال آتا ہے
ان کے آئینۂ دل میں کہیں بال آتا ہے
کون سنتا ہے صدا ٹوٹے دلوں کی اے دل
غم نصیبوں کا بھلا کس کو خیال آتا ہے
یوں تو منصور بنے پھرتے ہیں کچھ لوگ مگر
ان کے ہوش اڑتے ہیں جب سر کا سوال آتا ہے
ہم کہ آزاد ہیں خوش باش پرندوں کی طرح
کچھ بھی ہوتا رہے کب دل میں ملال آتا ہے
دل میں جل اٹھتی ہیں سو شمعیں حسیں یادوں کی
جب ہمیں عہد جوانی کا خیال آتا ہے
کیوں انہیں خبط محبت کا ہے جن کے آگے
جینے مرنے کا محبت میں سوال آتا ہے
جس کے محتاج شہنشاہ بھی ہیں اے عاقلؔ
ہم فقیروں کو اک ایسا بھی کمال آتا ہے
منظور کچھ نہیں ہے تمہارے سوا مجھے (غزل)
منظور کچھ نہیں ہے تمہارے سوا مجھے
تم مل گئے تو گویا خدا مل گیا مجھے
پہلے سا وہ خلوص ملے گا کہاں مگر
پھر بھی ہے دوستوں کا بہت آسرا مجھے
کیا بول تھے دلوں میں جو رس گھولتے رہے
بھولے گی اب کہاں وہ چھنکتی صدا مجھے
عاقلؔ گناہ کرتے ہوئے سوچتا ہے کون
ہر اک کو ہے گلہ کہ ملی کیوں سزا مجھے
صرف عمدہ حسین لفظوں سے (نظم)
صرف عمدہ حسین لفظوں سے
شعر میں دل کشی نہیں آتی
گر نہ نکلے وہ دل سے شاعر کے
شعر میں زندگی نہیں آتی
وہ جو مجنوں ہیں دودھ پینے کے
ان سے تو شاعری نہیں ہوتی
لیلائے شعر مانگتی ہے خون
اس سے کم بات ہی نہیں ہوتی
زندگی کے حسیں شبستاں میں
جن سے دل کے چراغ جلتے ہیں
دوست آغوش شاعری میں وہی
خوب صورت خیال پلتے ہیں
بے نیازی کو ناز ہے جس پر
ہے وہ ایوان نظم کا معمار
ڈھونڈھتا ہے جو اپنے فن کا صلہ
وہ نہ ہوگا کبھی بڑا فن کار
جس جگہ آفتاب جا نہ سکے
پہنچے اس جا خیال شاعر کا
اس کا ایک ایک لفظ ہو اعجاز
ہے تو یہ ہے کمال شاعر کا
شعر نو کے امام کہتے ہیں
در خیالات کا تو بند نہیں
ہمیں دیں گے زبان کو وسعت
فن کی قیدیں ہمیں پسند نہیں
کہتے ہیں اب نیا ادب اس کو
جس میں مہمل سی بات کہہ جائیں
صاحبان مذاق بھی جس کو
سوچتے سوچتے ہی رہ جائیں
جب محبت میں ڈوب کر شاعر
بات سب کے دلوں کی کہتا ہے
پردہ ہائے دماغ میں وہ شعر
دیر تک گونجتا ہی رہتا ہے