دھرمیش سولنکی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زمانے میں کہیں دل کو لگانا بھی ضروری تھا (غزل)
زمانے میں کہیں دل کو لگانا بھی ضروری تھا
غلط کچھ بھی نہیں لیکن چھپانا بھی ضروری تھا
غم دوراں میں ہم کو مسکرانا بھی ضروری تھا
کہ کانٹوں سے ہمیں دامن بچانا بھی ضروری تھا
زمانہ کیا کہے گا یہ نہیں سوچا کبھی ہم نے
جو تھا دل میں ہمارے وہ بتانا بھی ضروری تھا
ہمیں پتھر بھی کھانے تھے ہمیں گالی بھی کھانی تھی
مگر دنیا کو آئینہ دکھانا بھی ضروری تھا
ہمیں ہنستے ہوئے بس دیکھتا تو روٹھ جاتا وہ
ہمیں ہنستے ہوئے آنسو بہانا بھی ضروری تھا
نہ ہم سوئے نہ وہ سوئے نہ آئی نیند دونوں کو
مگر جلتے چراغوں کو بجھانا بھی ضروری تھا
بس باتیں بناتے ہو سدھر کیوں نہیں جاتے (غزل)
بس باتیں بناتے ہو سدھر کیوں نہیں جاتے
جو کرنا ہے تم کو کبھی کر کیوں نہیں جاتے
جو تھک ہی گئے ہو تو ٹھہر کیوں نہیں جاتے
جینا نہیں آسان تو مر کیوں نہیں جاتے
کیوں اتنے تھکے ہارے سے پھرتے ہو جہاں میں
مے کے کسی دریا میں اتر کیوں نہیں جاتے
پورے نہیں کر پاتے تو شرمندہ سے کیوں ہو
وعدوں سے کبھی اپنے مکر کیوں نہیں جاتے
اک سوگ میں تم عمر گنوانے پہ تلے ہو
اک ڈھونڈ کے آئینہ سنور کیوں نہیں جاتے