پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دھرم پال گپتا وفا دہلوی کی غزلیں — Dharampal Gupta Wafa Dehlvi Ghazals

دھرم پال گپتا وفا دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مچلتے کھیلتے اور ناز فرماتے ہوئے آنا (غزل)

مچلتے کھیلتے اور ناز فرماتے ہوئے آنا

بزعم حسن پھر ہر شے کو ٹھکراتے ہوئے آنا

حریم خاص کے پردوں کو سرکاتے ہوئے آنا

ابھی تک یاد ہے ان کا وہ شرماتے ہوئے آنا

سیہ زلفوں کو یوں شانوں پہ لہراتے ہوئے آنا

کوئی ناگن ہو جیسے اس کا بل کھاتے ہوئے آنا

مرے ساقی کا سوئے مے کدہ جاتے ہوئے آنا

خوشا قسمت وفاؔ پر لطف فرماتے ہوئے آنا

پہلو میں وہ مہ اور شب مہتاب کا عالم (غزل)

پہلو میں وہ مہ اور شب مہتاب کا عالم

کیا کہیے یہ بیداری ہے یا خواب کا عالم

اک چاند سا مکھڑا نظر آیا تھا کسی رات

آنکھوں میں ہے اب تک شب مہتاب کا عالم

ساغر میں پڑا عکس رخ ساقیٔ مہوش

پیدا ہوا مہتاب میں مہتاب کا عالم

بکھرے ہوئے گیسو ہیں چمکتے ہوئے عارض

کچھ ابر کا ہے کچھ شب مہتاب کا عالم