پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دھرم سنگھ مالویہ کی غزلیں — Dharam Singh Malviya 1 Ghazals

دھرم سنگھ مالویہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اپنا کہتے ہیں مگر اپنا بناتے کب ہیں (غزل)

اپنا کہتے ہیں مگر اپنا بناتے کب ہیں

وعدہ کرتے ہیں مگر لوگ نبھاتے کب ہیں

یار تو آس نہ کر اس کے پلٹ آنے کی

جو چلے جاتے ہیں وہ لوٹ کے آتے کب ہیں

ہم کو کرنا ہے سفر ان کی گلی کا لیکن

دیکھنا ہے کہ وہ ہم کو بھی بلاتے کب ہیں

مشورے دیتے ہیں بس لوگ یہاں پر اکثر

ساتھ دینے کے لیے ہاتھ بڑھاتے کب ہیں

کوئی اس کو بھی ذرا یہ تو بتائے جا کر

پیار کرتے ہیں جسے اس کو بھلاتے کب ہیں

یادوں پہ کوئی پہرہ لگایا نہیں گیا (غزل)

یادوں پہ کوئی پہرہ لگایا نہیں گیا

بچھڑا مگر وہ یار بھلایا نہیں گیا

اشکوں نے کہہ دیا تھا مگر ہونٹ چپ رہے

آنکھوں سے کوئی راز چھپایا نہیں گیا

پوچھا کسی نے یار محبت میں کیا ہوا

سچ سچ کسی کو یار بتایا نہیں گیا

کیسے اجڑ گیا تھا بغیچہ بہار میں

قصہ کسی کو یار سنایا نہیں گیا

ساگر کی ریت پر ہی بنایا ہوا محل

ہاتھوں سے اپنے یار مٹایا نہیں گیا

دنیا کے سارے لوگ رلاتے رہے ہمیں

ہم سے کسی کا دل بھی دکھایا نہیں گیا

کیسے دلوں کے زخم دکھاتے ہم آپ کو

ہم نے سنا دیا ہے دکھایا نہیں گیا

اس نے بھی منہ کو پھیر لیا آپ سے دھرمؔ

ہم سے بھی ہاتھ یار ملایا نہیں گیا