پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دھنپت رائے تھاپر راز کی غزلیں — Dhanpat Rai Thapar Raz Ghazals

دھنپت رائے تھاپر راز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تیرا کیا جاتا جو ملتا جام ریحانی مجھے (غزل)

تیرا کیا جاتا جو ملتا جام ریحانی مجھے

مے کے بدلے ساقیا تو نے دیا پانی مجھے

مے گساری میں وہ اب پہلی سی کیفیت نہیں

دے دیا ساقی نے کیا بے کیف سا پانی مجھے

اب کسی مشروب سے دل چین پا سکتا نہیں

کاش وہ آ کر پلا دے تیغ کا پانی مجھے

وہ تپ غم ہے کہ سوکھے ہیں لب و کام و دہن

کاش آ کر وہ پلائیں دید کا پانی مجھے

پی رہا ہوں شوق سے اے رازؔ جس کو آج تک

ایک دن آخر ڈبو دے گا وہی پانی مجھے

شور عطش جو پھولوں کی ہر انجمن میں ہے (غزل)

شور عطش جو پھولوں کی ہر انجمن میں ہے

کیفیت بہار کی شدت چمن میں ہے

فیض نسیم سے ہیں کھلے گل روش روش

فردوس کی بہار ہمارے چمن میں ہے

وہ کیفیت کہاں ہے مئے‌ نو کشید میں

جو لطف جو مزا کہ شراب کہن میں ہے

شہناز گل بتا دے ذرا اہل شوق کو

خوشبو یہ کس بدن کی ترے پیرہن میں ہے

ساحرؔ کے فیض‌ و لطف سے کہہ لیتا ہے غزل

اب رازؔ کا شمار بھی اہل سخن میں ہے