دیومنی پانڈے کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مہک کلیوں کی پھولوں کی ہنسی اچھی نہیں لگتی (غزل)
مہک کلیوں کی پھولوں کی ہنسی اچھی نہیں لگتی
تمہارے بن ہمیں یہ زندگی اچھی نہیں لگتی
بھلے مل جائے دولت اور شہرت ہم کو دنیا میں
مگر دل کو محبت کی کمی اچھی نہیں لگتی
ذرا سی ٹھیس لگنے سے چھلک پڑتے ہیں کیوں آنسو
ہمیشہ آنکھ میں اتنی نمی اچھی نہیں لگتی
محبت کے سفر میں رت بھی آتی ہے جدائی کی
ہمیں اس وقت کوئی بھی خوشی اچھی نہیں لگتی
کبھی تو ابر بن کر جھوم کر نکلو کہیں برسو
کہ ہر موسم میں یہ سنجیدگی اچھی نہیں لگتی
دل نے چاہا بہت اور ملا کچھ نہیں (غزل)
دل نے چاہا بہت اور ملا کچھ نہیں
زندگی حسرتوں کے سوا کچھ نہیں
عشق نے ہم کو سوغات میں کیا دیا
زخم ایسے کہ جن کی دوا کچھ نہیں
پڑھ کے دیکھی کتابیں محبت کی سب
آنسوؤں کے علاوہ ملا کچھ نہیں
ہر خوشی کا مزا غم کی نسبت سے ہے
غم نہیں ہے اگر تو مزا کچھ نہیں
زندگی مجھ سے اب تک تو کیوں دور ہے
درمیاں اپنے جب فاصلہ کچھ نہیں