دویش دکشت دیو کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جسے اپنا سمجھتے تھے وہی اپنا نہیں نکلا (غزل)
جسے اپنا سمجھتے تھے وہی اپنا نہیں نکلا
یہی دل سے ہمارے عمر بھر کانٹا نہیں نکلا
بہت نزدیک سے خود غرض دنیا دیکھ لی ہم نے
جسے جیسا سمجھتے تھے وہی ویسا نہیں نکلا
وہ دھوکا تھا نظر کا ہم جسے سونا سمجھتے تھے
پرکھنے پہ وہ سونا کیا کھرا کانسا نہیں نکلا
زبانیں سخت ہیں جن کی وہ دل کے صاف ہوتے ہیں
کوئی بھی شخص میٹھا آج تک اچھا نہیں نکلا
یہ آنکھیں راہ تکتی ہیں تمہیں یہ من بلاتا ہے (غزل)
یہ آنکھیں راہ تکتی ہیں تمہیں یہ من بلاتا ہے
چلے آؤ تمہیں سونا مرا آنگن بلاتا ہے
برستی روز ہیں آنکھیں یہ بارش ہی نہیں رکتی
تمہیں بھیگے ہوئے اشکوں کا یہ دامن بلاتا ہے
جہاں پینگیں بڑھاتے تھے شجر وہ یاد کرتے ہیں
وہ جھولے پوچھتے ہیں اب تمہیں ساون بلاتا ہے
گلستاں جب سے اجڑا ہے بہاریں بھی نہیں لوٹیں
فضا آواز دیتی ہے تمہیں اپون بلاتا ہے
در و دیوار اور راہیں سبھی صدمے میں رہتے ہیں
سنورتے تھے جہاں پہلے وہی درپن بلاتا ہے
چلے آؤ کہ اب تنہائیاں جینے نہیں دیتیں
تمہیں اجڑے ہوئے دل کا یہ سونا پن بلاتا ہے