دوندر مانجھی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
چپ چاپ انجمن سے کہاں جا رہے ہیں لوگ (غزل)
چپ چاپ انجمن سے کہاں جا رہے ہیں لوگ
کچھ تو ہوا ہے ایسا کہ پچھتا رہے ہیں لوگ
وہ کون سا گناہ کیا ہے کہ سب کے سب
اک دوسرے کو دیکھ کے شرما رہے ہیں لوگ
ڈھلنے لگی ہے رات جھروکے تو کھول دے
تجھ سے ہی روشنی کا یقیں پا رہے ہیں لوگ
کیا بات ہے شباب پہ ہوتے ہوئے بہار
باغوں کے درمیان بھی مرجھا رہے ہیں لوگ
دریا کو کس نے چھو کے یوں مہکا دیا ہے آج
مانجھیؔ ادھر ادھر سے کھنچے آ رہے ہیں لوگ
تمام رات تڑپ کر نکال دی میں نے (غزل)
تمام رات تڑپ کر نکال دی میں نے
قضا بھی آئی جو سر پر وہ ٹال دی میں نے
زمانہ میرے تعاقب میں کیوں ہے سرگرداں
کبھی سے خاک یہ دنیا پہ ڈال دی میں نے
خبر ہے عشق نے جینا سکھا دیا مجھ کو
یہ زندگی ترے پیکر میں ڈھال دی میں نے
نکل بھی جا تو اجالوں میں سائے کی صورت
نقاب وقت کے چہرے پہ ڈال دی میں نے
پسینے آ گئے مانجھیؔ کیوں ناؤ کھیتے ہوئے
وہ خونی لہر تھی تٹ پر اچھال دی میں نے