پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دیوداس بسمل کی غزلیں — Devdas Bismil Ghazals

دیوداس بسمل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اک بار محبت میں یہ دل جو ٹوٹ گیا سو ٹوٹ گیا (غزل)

اک بار محبت میں یہ دل جو ٹوٹ گیا سو ٹوٹ گیا

مالا میں پرویا سو موتی جو چھوٹ گیا سو چھوٹ گیا

دل ایسا نازک شیشہ ہے یہ پھر سے نہ جوڑا جاتا ہے

اک بار کسی کے ہاتھوں سے جو ٹوٹ گیا سو ٹوٹ گیا

الفت کا مقدر بھی ظالم بس بلبلے جیسا ہوتا ہے

یہ بلبلہ بن کر پانی پر جو پھوٹ گیا سو پھوٹ گیا

اک بار ہی جوڑا جاتا ہے اک دل سے رشتہ اک دل کا

وہ خواب نہ پھر سے آتا ہے جو ٹوٹ گیا سو ٹوٹ گیا

بے معنی شکایت اور شکوے ہاتھوں کا ملنا بے معنی

اک بار وفا کی راہوں میں جو لوٹ گیا سو لوٹ گیا

جب دل ٹوٹا دیوانے کا (غزل)

جب دل ٹوٹا دیوانے کا

آغاز ہوا افسانے کا

تب اور شمع کی لو بھڑکی

جب جسم جلا پروانے کا

جب اپنا ہی اپنا ہی اپنا نہ رہا

تب شکوہ کیا بیگانے کا

جب اپنے ہاتھوں زہر پیا

کیا جرم ہے تب پیمانے کا

جب ہر دروازہ بند ہوا

بس وا ہے در میخانے کا

اب درد کے مارے کیسے جئیں

اور رستہ نہیں مر جانے کا

جب دل کی جلن برداشت نہ ہو

کیا ساماں دل بہلانے کا

امیدیں بسملؔ ٹوٹ گئیں

کیا سمجھانا دیوانے کا