پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دیوانگ ٹھاکر کی غزلیں — Devang Thakur Ghazals

دیوانگ ٹھاکر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جیسے ہو مرہم لگایا تیر نے (غزل)

جیسے ہو مرہم لگایا تیر نے

اس طرح کاٹا گلا شمشیر نے

سر پٹک کر دیکھنا ہے ایک بار

عشق کو پتھر کہا تھا میرؔ نے

اس مصور کے ہنر کو دیکھ کر

رنگ خود میں بھر لیے تصویر نے

ہے وہ منظر چشم تر کی قید میں

ہنس کے چھوڑا تھا کہ جب زنجیر نے

خواب پیاسے تھے ہمارے مر گئے

خون مانگا تھا بہت تعبیر نے

ہم پر جچتی خوب اداسی (غزل)

ہم پر جچتی خوب اداسی

ہے اپنی محبوب اداسی

تنہا مرنے سے ڈرتا ہوں

ساتھ میں تو بھی ڈوب اداسی

ہم دونوں میں ربط ہے اتنا

میں طالب مطلوب اداسی

ہاتھ تھام کر چلتی ہے یہ

مجھ سے ہے منسوب اداسی

اس کا چہرہ خوشیوں جیسا

اور میرا اسلوب اداسی

چار ٹھکانے ہیں دنیا میں

دکھ تنہائی اوب اداسی