دپتی مشرا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ نہیں میرا مگر اس سے محبت ہے تو ہے (غزل)
وہ نہیں میرا مگر اس سے محبت ہے تو ہے
یہ اگر رسموں رواجوں سے بغاوت ہے تو ہے
سچ کو میں نے سچ کہا جب کہہ دیا تو کہہ دیا
اب زمانے کی نظر میں یہ حماقت ہے تو ہے
کب کہا میں نے کہ وہ مل جائے مجھ کو میں اسے
غیر نا ہو جائے وہ بس اتنی حسرت ہے تو ہے
جل گیا پروانہ گر تو کیا خطا ہے شمع کی
رات بھر جلنا جلانا اس کی قسمت ہے تو ہے
دوست بن کر دشمنوں سا وہ ستاتا ہے مجھے
پھر بھی اس ظالم پہ مرنا اپنی فطرت ہے تو ہے
دور تھے اور دور ہیں ہر دم زمین و آسماں
دوریوں کے بعد بھی دونوں میں قربت ہے تو ہے
سب کچھ جھوٹ ہے لیکن پھر بھی بالکل سچا لگتا ہے (غزل)
سب کچھ جھوٹ ہے لیکن پھر بھی بالکل سچا لگتا ہے
جان بوجھ کر دھوکہ کھانا کتنا اچھا لگتا ہے
اینٹ اور پتھر مٹی گارے کے مضبوط مکانوں میں
پکی دیواروں کے پیچھے ہر گھر کچا لگتا ہے
آپ بناتا ہے پہلے پھر اپنے آپ مٹاتا ہے
دنیا کا خالق ہم کو اک ضدی بچہ لگتا ہے
اس نے ساری قسمیں توڑیں سارے وعدے جھوٹے تھے
پھر بھی ہم کو اس کا ہونا اب بھی اچھا لگتا ہے
اسے یقیں ہے بے ایمانی بن وہ بازی جیتے گا
اچھا انساں ہے پر ابھی کھلاڑی کچا لگتا ہے
تم چاہتے ہو کہ میں (نظم)
تم چاہتے ہو کہ میں
تمہیں تمہارے لئے چاہوں
کیوں بھلا
کیا کبھی تم نے
مجھے میرے لئے چاہا
نہیں نا
دراصل
یہ چاہنے اور نہ چاہنے کی
خواہش ہی
بے معنی ہے
با معنی ہے تو
بس چاہت
میری چاہت
تمہاری چاہت
یا پھر
کسی اور کی چاہت