دپیش شرما سوبھری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ذرا سوچو میں کتنا تھک گیا ہوں (غزل)
ذرا سوچو میں کتنا تھک گیا ہوں
تھکے لوگوں سے کاندھا مانگتا ہوں
اگر خوابوں کی مجھ کو جستجو ہے
تو میں پھر رات بھر کیوں جاگتا ہوں
میں اشکوں سے ترا چہرہ بنا کر
زمیں کو آسمانی کر رہا ہوں
کسی کی آنکھ سے میں قطرہ قطرہ
سہانی یاد بن کر بہہ رہا ہوں
ہٹا کر آنکھ سے ملبہ تمہارا
نئے خوابوں کو رستا دے رہا ہوں
وہی کمرے ہمیں اچھے لگے ہیں (غزل)
وہی کمرے ہمیں اچھے لگے ہیں
جہاں پر آج بھی پردے لگے ہیں
تمہارے بن بہت بے رنگ ہے گھر
در و دیوار پر جالے لگے ہیں
کوئی تو بات دل کو لگ گئی ہے
یوں ہی تھوڑی وہ چپ رہنے لگے ہیں
اسی کمرے میں ہی ہوگا خزانہ
میاں اس میں بہت تالے لگے ہیں
قیامت آ گئی نزدیک شاید
محبت ہم سے سب کرنے لگے ہیں
شجر کو کاٹنا واجب نہیں ہے
شجر پر اب بھی کچھ پتے لگے ہیں