پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دیپک وکل کی غزلیں — Deepak Vikal Ghazals

دیپک وکل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس کی شادی کا وہ منظر وہ تماشہ چھوڑ کر (غزل)

اس کی شادی کا وہ منظر وہ تماشہ چھوڑ کر

ہم چلے آئے ہیں اس کو رقص کرتا چھوڑ کر

جل گئے ہوتے سحر کے خواب گر جگتا نہ میں

دھوپ آ بیٹھی تھی بستر پر دریچہ چھوڑ کر

ہم سے تو کچھ عادتیں بھی اب تلک چھوٹی نہیں

تم چلے آئے ہو پیچھے ایک دنیا چھوڑ کر

اس کی باتوں میں صداقت کی مہک روکو اسے

سب چلے جائیں گے اس کو بھی اکیلا چھوڑ کر

ہائے یہ خوشیوں کا موسم اور یہ کھٹکا ہمیں

رت چلی جائے گی اک دن یہ بغیچہ چھوڑ کر

اس کھلے آکاش میں بارش کے پھر امکان ہیں

گھر چلے آؤ جہاں بھی ہو یہ جھگڑا چھوڑ کر

اس نے بات نہیں کاٹی یوں میرے بات بنانے پر (غزل)

اس نے بات نہیں کاٹی یوں میرے بات بنانے پر

میں بھی ہاں میں ہاں کرتا تھا اس کے ہر افسانے پر

جس رشتہ کو زندہ رکھنے کی خاطر میں مرتا تھا

پھر اک دن میں جی اٹھا اس رشتے کے مر جانے پر

صدموں پر صدمے ملتے ہیں لیکن میری جان جاں

رونے تک کا وقت نہیں ہے تیرے اس دیوانے پر

میرے بعد یہ دنیا تھوڑی اور ہری ہو جائے گی

پیڑ پھلا پھولا کرتے ہیں کچھ شاخیں کٹ جانے پر

بس کچھ پل کو آنکھ لڑی تھی ایک سفر کا قصہ تھا

پھر سالوں گمراہ رہے ہم اس لڑکی کے جانے پر

اس کے رنج و غم سے ساری دنیا کا وہ رشتہ تھا

باغ پریشاں ہو جائے جیوں ایک کلی مرجھانے پر

ہجر منانے اب کے مجنوں میخانے میں جا بیٹھا

لیلیٰ جانے کیا بیتی ہو اس پاگل ویرانے پر