دیپک روحانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
روشن کسی بھی طور مری زندگی نہیں (غزل)
روشن کسی بھی طور مری زندگی نہیں
میں جل رہا ہوں اور کوئی روشنی نہیں
سکھ دکھ تو آتے جاتے ہی رہتے ہیں عمر بھر
دریا میں کوئی موج کبھی آخری نہیں
خوف خدا سے دنیا میں ہر احتیاط ہے
خوف خدا نہیں تو کوئی خوف بھی نہیں
یہ عشق کا سفر ہے ستت چلتے جائیے
یہ وہ سفر ہے جس میں کبھی واپسی نہیں
افسوس کوئی اور بھی تیرا نہ ہو سکا
مجھ کو ترے طلاق سے کوئی خوشی نہیں
روئے ہو میری وجہ سے تم کتنی مرتبہ
لیکن تمہاری ہنسنے کی عادت گئی نہیں
کمزور تھے جو لوگ وہ سب ڈوب ہی گئے
دریا کے بھی مزاج میں دریا دلی نہیں
دنیا زباں دراز ہے ہم کیا جواب دیں
یہ بولنے سے پہلے کبھی سوچتی نہیں
اس جسم پر سوار ہے اک روح جاوداں
یہ راستہ نیا ہے سواری نئی نہیں
وہ بھی مری غزل میں کمی ڈھونڈھتے رہے
جن کی غزل میں خود ہی کمی کی کمی نہیں