پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دیپک دانش کی غزلیں — Deepak Danish Ghazals

دیپک دانش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر ذرہ چمن زار کی زینت کا سبب ہے (غزل)

ہر ذرہ چمن زار کی زینت کا سبب ہے

محفل میں چمن زار کی ہر شے کا ادب ہے

اک عمر بدستور گزر جائے تو بہتر

گو دل میں بدستور ٹھہرنے کی طلب ہے

کچھ یوں ہے مقدر کی حقیقت کہ جہاں میں

ظلمت ہے کہیں دن میں کہیں نور کی شب ہے

ہر چیز میں تعمیل خرد کی نہ ہو لیکن

ہر چیز پہ اس چیز کا دعویٰ تو عجب ہے

رکھنے کو تبدل کا بھرم مڑ کے جو دیکھا

ویسی ہی تھی دنیا مری جیسی کہ وہ اب ہے

دنیا نہ ہو فردوس پر اتنا تو ہے دانشؔ

جیسی بھی ہے دنیا مری ہستی کا سبب ہے

پردوں سے گھر کے راز چھپائے گا کیا کوئی (غزل)

پردوں سے گھر کے راز چھپائے گا کیا کوئی

پھولوں سے گھر کا روپ کھلائے گا کیا کوئی

مشکل سے گھر کی بند ہوا پر ہے اختیار

باہر ہوا کو راہ دکھائے گا کیا کوئی

محنت سے تھک کے چور گناہوں کی بھیڑ کو

اچھے برے کا فرق سکھائے گا کیا کوئی

بازار اب ہے زیست کی روح رواں مگر

آب و ہوا کے دام لگائے گا کیا کوئی

ہر قسم کی شراب میسر ہوئی تو کیا

پانی سے بڑھ کے پیاس بجھائے گا کیا کوئی

آگے نکل چکی ہے حیا سے نظر کی بات

دانشؔ کسی سے آنکھ ملائے گا کیا کوئی