دیپک اگروال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ نہیں ہے مرا پتہ ہے مجھے (غزل)
وہ نہیں ہے مرا پتہ ہے مجھے
صرف یہ خواب دیکھنا ہے مجھے
تم ملے ہو تو لگ رہا ہے مجھے
کوئی تو ہے جو جانتا ہے مجھے
ایسا اس مرتبہ ہوا ہے یا
ایسا اس مرتبہ لگا ہے مجھے
آج کل کس کے آس پاس ہوں میں
آج کل کون سوچتا ہے مجھے
دیکھیے مت کہ کیسا دکھتا ہوں
دیکھیے کون دیکھتا ہے مجھے
بات کرنی ہے دیر تک اس سے
شام تک گھر بھی لوٹنا ہے مجھے
چلا گیا کب کا جانے والا مری نگاہوں میں آب لکھ کر (غزل)
چلا گیا کب کا جانے والا مری نگاہوں میں آب لکھ کر
میں سوچتا ہوں کبھی کبھی یہ گئے دنوں کا حساب لکھ کر
کبھی تھا جس سے لگاؤ مجھ کو کروں گا رسوا میں کیسے اس کو
شراب لکھ کر عذاب لکھ کر جواب لکھ کر خراب لکھ کر
زمانے بھر کی نگاہ میں تو میں ہو گیا تھا تبھی سے باغی
کیا تھا سجدہ خدا کو میں نے ترے لبوں کو گلاب لکھ کر
پھر اس کے دامن پہ کوئی انگلی اٹھے مجھے کیا قبول ہوگا
میں داغ اس پر لگا دوں کیسے بھلا اسے ماہتاب لکھ کر
غزل ترنم سے گر سجی ہے تو شاعری میں بھی ہو صداقت
وہ دے رہا ہے ادب کو دھوکا چراغ کو آفتاب لکھ کر
نہ ایسے حسرت نہ یہ طلب ہے نہ یہ دماغی فتور دیپکؔ
کہ چھو لوں شہرت کی میں بلندی غزل کی کوئی کتاب لکھ کر