دیپک غازی پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہی ہے ان کی تمنا تو کر کے دیکھتے ہیں (غزل)
یہی ہے ان کی تمنا تو کر کے دیکھتے ہیں
فضا میں خوشبو کے جیسے بکھر کے دیکھتے ہیں
محاذ جنگ میں اک دن اتر کے دیکھتے ہیں
نہیں وصال میسر تو مر کے دیکھتے ہیں
یہ دیکھتے ہیں ہمیں جو ٹھہر کے دیکھتے ہیں
ہمارے واسطے کیا کر گزر کے دیکھتے ہیں
کہ ان کے دل میں ہے دھوکا نظر فریبی ہے
یہ جھوٹ ہے کہ ہمیں آنکھ بھر کے دیکھتے ہیں
چراغ پھر سے جلاتے ہیں یار الفت کے
کہ نفرتوں کے چلو پر کتر کے دیکھتے ہیں
کہ تتلیوں سے ہی کچھ رنگ ادھار لیتے ہیں
چلو نہ خواب میں کچھ رنگ بھر کے دیکھتے ہیں
ہیں سچ یا جھوٹ کے رشتے کبھی نہ دیکھ سکے (غزل)
ہیں سچ یا جھوٹ کے رشتے کبھی نہ دیکھ سکے
نقاب میں چھپے چہرے کبھی نہ دیکھ سکے
یہ ناخوشی سے وصیت کو دیکھنے والے
پتا کے ہاتھ کے چھالے کبھی نہ دیکھ سکے
تمہارے عشق کے سپنے ہزار دیکھے پر
تمہارا ہاتھ پکڑ کر کبھی نہ دیکھ سکے
یوں دیکھنے کو تو نفرت کے شہر دیکھے ہیں
جہاں میں پیار کے قصبے کبھی نہ دیکھ سکے
کسی فقیر سے صبر و سکوں خرید سکیں
ہم اتنے آج بھی پیسے کبھی نہ دیکھ سکے
قفس میں قید پرندے اداس بیٹھے ہیں
کہ آسمان میں اڑ کر کبھی نہ دیکھ سکے