دوارکا داس شعلہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اپنوں کے ستم یاد نہ غیروں کی جفا یاد (غزل)
اپنوں کے ستم یاد نہ غیروں کی جفا یاد
وہ ہنس کے ذرا بولے تو کچھ بھی نہ رہا یاد
کیا لطف اٹھائے گا جہان گزراں کا
وہ شخص کہ جس شخص کو رہتی ہو قضا یاد
ہم کاگ اڑا دیتے ہیں بوتل کا اسی وقت
گرمی میں بھی آ جاتی ہے جب کالی گھٹا یاد
محشر میں بھی ہم تیری شکایت نہ کریں گے
آ جائے گی اس دن بھی ہمیں شرط وفا یاد
پی لی تو خدا ایک تماشا نظر آیا
آیا بھی تو آیا ہمیں کس وقت خدا یاد
اللہ ترا شکر کہ امید کرم ہے
اللہ ترا شکر کہ اس نے بھی کیا یاد
کل تک ترے باعث میں اسے بھولا ہوا تھا
کیوں آنے لگا پھر سے مجھے آج خدا یاد
میری منزل کہاں ہے کیا معلوم (غزل)
میری منزل کہاں ہے کیا معلوم
انتہا غم ہے ابتدا معلوم
تم نہیں میرے اب یہ راز کھلا
میں تمہارا ہوں اب ہوا معلوم
دل کی پروا کرے کوئی کب تک
چاہتا کیا ہے یہ خدا معلوم
دور سے گل کو دیکھنا کیا ہے
یوں تو ہوتا ہے خوش نما معلوم
پاس آئے تو اصل حسن کھلے
دور کی چیز راز نا معلوم
تم کو چاہا بڑا قصور کیا
سہو ظاہر ہے اور خطا معلوم
بات بنتی نظر نہیں آتی
ان کے تیور سے ہو گیا معلوم
وضع داری سے چپ رہوں ورنہ
ہے مجھے راز آپ کا معلوم
کون ہے جس کو خوئے مولا کا
راز سر بستہ ہو سکا معلوم
اس قدر جلد موت آئے گی
ہائے انساں کو یہ نہ تھا معلوم
میں وفا بھی کروں گلے بھی کروں
مجھ کو ہوتا ہے یہ برا معلوم
کیا کہیں کس لئے رہے معتوب
ہم کو اب تک نہیں خطا معلوم
چل کے شعلہؔ سے پوچھئے کیوں کر
جرم ثابت ہوا سزا معلوم
اے بے نیاز شوق فراواں کہاں ہے تو (نظم)
اے بے نیاز شوق فراواں کہاں ہے تو
اے نگہت شمیم بہاراں کہاں ہے تو
اے باعث فروغ گلستاں کہاں ہے تو
اے رونق وجود خیاباں کہاں ہے تو
پتھرا گئی ہیں آنکھیں ترے انتظار میں
کچھ تو بتا کہ اے مہ تاباں کہاں ہے تو
وہ تیرے شوق نغمہ سرائی کو کیا ہوا
اے یار نغمہ ریز و غزل خواں کہاں ہے تو
تیرے بغیر کچھ نہیں لطف شراب و شعر
اے نگہت لطیف خیاباں کہاں ہے تو
ہاں تیرے دم سے رونق بزم وجود تھی
اے روشنیٔ شمع فروزاں کہاں ہے تو
تیرے بغیر خاک بسر پھر رہا ہوں میں
میرے بغیر سر بہ گریباں کہاں ہے تو