پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

داؤد خاں راز کی غزلیں — Dawood Khan Raaz Ghazals

داؤد خاں راز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ زندگی کی ہار سے پہلے گزر گئی (غزل)

یہ زندگی کی ہار سے پہلے گزر گئی

اک داستاں بہار سے پہلے گزر گئی

وہ بات اعتبار کے قابل نہیں رہی

جو بات اعتبار سے پہلے گزر گئی

آنکھوں سے دیکھتے رہے دل کی تباہیاں

دل کی لگی قرار سے پہلے گزر گئی

ہوتے ہیں آج تک بھی خزاں ہی کے تذکرے

آئی بھی اور بہار سے پہلے گزر گئی

زاہد کی پارسائی کا اب کچھ نہ پوچھئے

اک شے تھی جو خمار سے پہلے گزر گئی

کیسے کہوں کہ لوٹ کے آ جائے گی اے رازؔ

وہ زندگی جو پیار سے پہلے گزر گئی

یہ کالی گھٹا اٹھ کے مے خانوں کے سر آئی (غزل)

یہ کالی گھٹا اٹھ کے مے خانوں کے سر آئی

گردش یہ زمانے کی پیمانوں کے سر آئی

گلشن پہ گری بجلی اور آگ لگی جس دم

یہ آگ جو پھیلی تو کاشانوں کے سر آئی

آتے ہی بہاروں کے پھر چاک ہوئے دامن

ہر صحرا نوردی یہ دیوانوں کے سر آئی

دے کر بھی وفا میں جاں الزام جفا آیا

رسوائی محبت میں نادانوں کے سر آئی

موجوں نے ڈبویا ہے ساحل پہ سفینے کو

قسمت کی برائی تھی طوفانوں کے سر آئی

اے رازؔ مجھے ملتی جو بھی تھی سزا ملتی

کیوں میری خطا سارے بیگانوں کے سر آئی