دور آفریدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ان کے عارض پہ اشکوں کے دھارے (غزل)
ان کے عارض پہ اشکوں کے دھارے
جیسے پھولوں کو شبنم سنوارے
غم نہ کر اس جہان طلب میں
ٹوٹ جاتے ہیں اکثر سہارے
تم نے منطق سے الفت کو سمجھا
تم ہی جیتے چلو ہم ہی ہارے
غم کی زحمت میں کیا کچھ نہ بیتی
رات کاٹی ہے گن گن کے تارے
چھوڑ کر مجھ کو بحر الم میں
تیری کشتی گئی ہے کنارے
اس کو فخر محبت نہ کیوں ہو
دورؔ دل میں رہا ہے تمہارے
میں نے چاہت کے گیت گائے تھے (غزل)
میں نے چاہت کے گیت گائے تھے
سننے والے مگر پرائے تھے
عمر بھر کو خوشی کا روگ لگا
ایک دو دن کو مسکرائے تھے
راحتیں ہی نہ کر سکے حاصل
راحتوں کے محل بنائے تھے
میرے خوابوں کی روشنی میں کبھی
ان لبوں پر لبوں کے سائے تھے
کس نے کھینچیں جفا کی تلواریں
کس نے ارماں کے خوں بہائے تھے
بہہ رہی ہیں نشاط کی ندیاں
کیا اشارے تھے کیا کنائے تھے
میں نے چاہت کے آسماں پر دوست
چاند تاروں کے دف بجائے تھے
ہائے وہ دن جو تیرے ساتھ گئے
نغمہ و نور میں نہائے تھے
سخن فریب کوئی مہرباں کی طرح (نظم)
سخن فریب کوئی مہرباں کی طرح
دیار حسن ہے دنیا کی داستاں کی طرح
یہ مسکراتی ہوئی صبح و شام و شب کی دلہن
دل و نظر کے لیے سود بے زیاں کی طرح
یہ امتزاج زر شرق و غرب کا کلچر
نگاہ حسن لیے عشق عاشقاں کی طرح
حریر و ریشم و دیبا میں رنگ ناز و ادا
سکون دل کے لیے ہیں قرار جاں کی طرح
یہ رنگ رنگ کے عنواں لیے حسیں چہرے
صنم کدوں میں تخیل کے ہیں بتاں کی طرح
سڈول جسم کہ سرد رواں سر راہے
چلے ہیں ناز سے حوران آسماں کی طرح
یہ لہکی مہکی فضائیں یہ دل ربا پیکر
گلوں کے رنگ میں ڈوبے ہوئے جہاں کی طرح
یہ ربط و رقص و ترنم ہوا کی لہروں میں
قدم قدم پہ ادا ہائے مہوشاں کی طرح
یہ جگمگاتی ہوئی رات یہ دہکتے کنول
نجوم و ماہ و ثریا و کہکشاں کی طرح
یہ میرے خوابوں خیالوں کی اپسرا جس میں
نگاہ فکر و عمل تیر کی کماں کی طرح
مگر وطن بھی چھٹا دورؔ دل کی دل میں رہی
یہ بمبئی بھی نہ ہو خواب دیگراں کی طرح