داؤد کاشمیری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لوگ غم سے ڈرتے ہیں میں خوشی سے ڈرتا ہوں (غزل)
لوگ غم سے ڈرتے ہیں میں خوشی سے ڈرتا ہوں
تیرگی سے کیا ڈرنا روشنی سے ڈرتا ہوں
میں نکل پڑا گھر سے اب سفر میں جو بیتے
آگے چلتے رہنا ہے واپسی سے ڈرتا ہوں
یہ بھی جانور سارے وہ بھی جانور سارے
جانے کیسی بستی ہے آدمی سے ڈرتا ہوں
رہزن خلوص جاں رہزن مسرت ہے
رہنمائی علم و آگہی سے ڈرتا ہوں
سر اٹھا کے جینے کی لذتوں سے واقف ہوں
سر اٹھا کے جینے کی بے حسی سے ڈرتا ہوں
اگر جہاں میں خدا کے سوا کچھ اور نہیں (غزل)
اگر جہاں میں خدا کے سوا کچھ اور نہیں
تو پھر نصیب دعا کے سوا کچھ اور نہیں
ہمارے پاس ہمارا ضمیر ہے لوگو
تمہارے پاس انا کے سوا کچھ اور نہیں
کبھی وفا تھی محبت میں اور خلوص بھی تھا
حیات آج جفا کے سوا کچھ اور نہیں
وہ خود ہی کہتے ہیں اور خود ہی سنتے رہتے ہیں
کہ ان کے پاس صدا کے سوا کچھ اور نہیں
وہ زیب تن کئے کمخواب و ریشم و اطلس
ہمیں نصیب ردا کے سوا کچھ اور نہیں
خامشی گر تمہیں مرغوب ہے تنہا ہی رہو (نظم)
خامشی گر تمہیں مرغوب ہے تنہا ہی رہو
زندگی شور سے منسوب ہے تنہا ہی رہو
ٹوٹے آئینے ہیں اور عکس بھی ہیں مسخ شدہ
یہ صداقت کسے مطلوب ہے تنہا ہی رہو
اب تو ہر سمت تماشے ہیں وما ادراک
بے اثر صحبت مجذوب ہے تنہا ہی رہو
تم جسے شافع حاجات سمجھتے ہو یہاں
وہ کسی اور کا مندوب ہے تنہا ہی رہو
ظلمت عقل ہدایت سے منور نہ ہوئی
کیسے دیکھو گے جو محجوب ہے تنہا ہی رہو