دانیال زمان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آپ کی سوچ سے زیادہ تھا (غزل)
آپ کی سوچ سے زیادہ تھا
ایک دن میرے پاس اتنا تھا
پہلی حرکت سے بن گئی تھی بات
پہلی حرکت سے نقش ابھرا تھا
مجھ کو شہرت ملی بغاوت سے
ورنہ میں بھی غلام ہوتا تھا
بولنا آیا بعد میں مجھ کو
پہلے آواز کو میں سنتا تھا
روشنی پھوٹنے لگی مجھ سے
تیری منت کا جگنو پکڑا تھا
عکس سے ریت بن کے نکلا ہوں
آئنے کا میں کچھ تو لگتا تھا
لوگ بیدار ہو گئے ورنہ
بند کمرے میں کس نے سونا تھا
رات اس اس کو سبز خواب آئے
صبح جس جس نے بیج بونا تھا
اس جگہ پر کوئی نہیں تھا مگر
آپ نے کہہ دیا لہٰذا تھا
وہ شور تھا کہ لفظ نہیں ہے زبان پر (غزل)
وہ شور تھا کہ لفظ نہیں ہے زبان پر
آواز قتل ہونے لگی حرف دان پر
میں حالت خمیر میں سب دیکھتا رہا
کیا کیا گزر رہا تھا مری ایک جان پر
جنگل میں اس لئے ہیں شکاری چھپے ہوئے
بیٹھا ہوا ہے کوئی درندہ مچان پر
کھلنے میں تھوڑی دیر لگے گی یہ راز بھی
کھدر لپیٹ بیٹھا ہوں ریشم کے تھان پر
اک شکل آئنے کی سواری پہ لاد لی
اک شخص کو سوار کیا اپنے دھیان پر