درد فیض خان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
محبت میں کوئی عاشق اگر فن کار بن جائے (غزل)
محبت میں کوئی عاشق اگر فن کار بن جائے
تو پھر یہ عین ممکن ہے کہ دل بازار بن جائے
تری راہیں ترا کوچہ اگر گھر بار بن جائے
تری حسرت میں جو مر جائے وہ معمار بن جائے
وہ ساحر جو بنا دیتا ہے پتھر سب دوانوں کو
ہے ممکن اس کی لاٹھی بھی کبھی تلوار بن جائے
ذرا سی دیر بس آ جا مرے دیدار کی خاطر
کہیں ایسا نہ ہو یہ جسم بھی مردار بن جائے
مجھے کچھ بھی نہیں کہنا فقط خاموش رہنا ہے
نہ جانے کب مرے ہاتھوں کوئی شہکار بن جائے
فنا ہو جائیں گے اک روز دنیا کے سبھی ظالم
ہمارا اک مجاہد سا اگر کردار بن جائے
خدارا فیضؔ کو اتنی نہیں دولت عطا کرنا
کہیں ایسا نہ ہو بھائی مرا غدار بن جائے
ہم نے خود اپنی محبت کا گلا گھونٹ دیا (غزل)
ہم نے خود اپنی محبت کا گلا گھونٹ دیا
دل سے اٹھتی ہوئی چاہت کا گلا گھونٹ دیا
جو تھی سچائی وہ ظاہر ہی نہیں ہو پائی
اک فسانے نے حقیقت کا گلا گھونٹ دیا
حق بیانی کے لئے جب وہ ہوا محو کلام
اک سخنور نے سیاست کا گلا گھونٹ دیا
بس یہاں دینا تھا پیغام محبت لیکن
کس قدر سب نے روایت کا گلا گھونٹ دیا
کامیابی بھی قدم اس کے ہی چومے گی یہاں
جس نے خود اپنی ضرورت کا گلا گھونٹ دیا
خانۂ دل میں سدا جس کو بسایا میں نے
اس نے ہی میری مسرت کا گلا گھونٹ دیا
دل کا ہر درد تھا سرمایۂ ہستی لیکن
فیضؔ نے اپنی ہی الفت کا گلا گھونٹ دیا