پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دانیال حیدر جعفری کی غزلیں — Daniyal Haider Jafri Ghazals

دانیال حیدر جعفری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بسا کے تجھ کو خیالوں میں پیار کرتے رہے (غزل)

بسا کے تجھ کو خیالوں میں پیار کرتے رہے

جو ساری رات ترا انتظار کرتے رہے

سجا کے ہجر کے گلشن میں تیری یاد کے پھول

خزاں کی رت کو بھی فصل بہار کرتے رہے

شہید ہیں وہ خدا کی قسم شہید ہیں وہ

جو تیری راہ میں جاں جاں نثار کرتے رہے

لو پیار آ ہی گیا ان کو بھی دم آخر

گلے لگا کے وہ خنجر سے وار کرتے رہے

مجھے تو اپنی محبت پہ اعتبار نہ تھا

وہ کون تھے جو مرا اعتبار کرتے رہے

ہاں جی گئے ہیں وہی لوگ زندگی حیدرؔ

جو راہ عشق سے ہر دم فرار کرتے رہے

دن جوانی کے نہ برباد گزارے ہوتے (غزل)

دن جوانی کے نہ برباد گزارے ہوتے

اے مری جان اگر آپ ہمارے ہوتے

لا کے رکھ دیتا ترے سامنے دنیا ساری

چاند ہاتھوں پہ تو قدموں میں ستارے ہوتے

کون مانے گا محبت کا پیمبر میں ہوں

اے خدا مجھ پہ صحیفے تو اتارے ہوتے

تو میرے دکھ کو سمجھتا جو بچھڑتے تجھ سے

لوگ ایسے جو تجھے جان سے پیارے ہوتے

گر وہ پوچھیں بھی مری آخری خواہش تو کہوں

کیا ہی اچھا تھا اگر آپ ہمارے ہوتے

غم نہیں اس کا کہ ہاری ہے یہ بازی ہم نے

غم مگر یہ ہے ذرا لڑ کے تو ہارے ہوتے

وصل کی رت بھی ہمیں راس نہ آئی حیدرؔ

کاش اتنے بھی نہ گردش میں ستارے ہوتے