پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دانشؔ نورپوری کی غزلیں — Danish Noorpuri Ghazals

دانشؔ نورپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہوا کے رخ پہ کھلی زلف یار لگتی ہے (غزل)

ہوا کے رخ پہ کھلی زلف یار لگتی ہے

نسیم صبح بہت مشکبار لگتی ہے

ادا ہماری اسے ناگوار لگتی ہے

یہ سادگی بھی اسے کاروبار لگتی ہے

ترے بغیر تو گل بوٹے خار لگتے ہیں

تو ساتھ ہے تو خزاں بھی بہار لگتی ہے

تمام رات ہی کروٹ بدلتے رہتے ہو

تمہارے دوش پہ دنیا سوار لگتی ہے

اداسیوں کا ہے صحرا کسی کے چہرے پر

یہ کائنات بڑی سوگوار لگتی ہے

جسے بھی دیکھیے تر ہے وہ خون میں دانشؔ

یہ ساری بستی ہمیں خار دار لگتی ہے

مسلسل اس کو یہ غم کھا رہا ہے (غزل)

مسلسل اس کو یہ غم کھا رہا ہے

مرا قد روز بڑھتا جا رہا ہے

نقاب رخ کو الٹا جا رہا ہے

اندھیرا اب بہت گھبرا رہا ہے

یقیں ان کو بھی ہوتا جا رہا ہے

کوئی دانستہ دھوکا کھا رہا ہے

بنائی جس نے ساری عمر دنیا

کف افسوس ملتا جا رہا ہے

بہت تیزی ہے دل کی دھڑکنوں میں

یقیناً آج کوئی آ رہا ہے

تمہاری یاد کا ہر اک شگوفہ

ہماری زندگی مہکا رہا ہے

اسے چہرے پہ ہے اتنا بھروسا

وہ آئینے بدلتا جا رہا ہے

ستم کے تیر کا ہر وار ظالم

عزائم کو مرے چمکا رہا ہے

فریب اس نے دیا ہے مجھ کو دانشؔ

وہ ملنے سے بہت کترا رہا ہے