پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دخلن بھوپالی کی غزلیں — Dakhlan Bhopali Ghazals

دخلن بھوپالی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تم سے ملنا بھی نہیں تم سے بچھڑنا بھی نہیں (غزل)

تم سے ملنا بھی نہیں تم سے بچھڑنا بھی نہیں

وقت کے جیسے مگر ہم کو بدلنا بھی نہیں

عشق نے پھر ہمیں اک بار ہے بخشا صحرا

دریا ملنا بھی نہیں ابر برسنا بھی نہیں

بڑی مشکل سے چھپاتے ہیں زمانے سے تمہیں

زخم رسنا بھی ہے اور آنکھ کو گلنا بھی نہیں

وہ کہیں دور بہت دور گیا ہے مجھ سے

اس کو آنا بھی نہیں ہم کو مچلنا بھی نہیں

سر میں بیٹھی ہے انا سینے میں چبھتی باتیں

گلے ملتے ہیں مگر دل کبھی ملنا بھی نہیں

خواب پیروں تلے شانوں پہ ہے ذمہ داری

ہم کو اڑنا بھی ہے پنکھوں کو نکلنا بھی نہیں

ضبط کے جسم میں رہنے دو مری ذات کو تم

میں جو بگڑا تو میں دنیا سے سنبھلنا بھی نہیں

اجڑے ہوئے جہان بہت وقت ہو گیا (غزل)

اجڑے ہوئے جہان بہت وقت ہو گیا

زندہ ہے بس تھکان بہت وقت ہو گیا

اک قول تھا کہ ساتھ جئیں گے مریں گے ہم

بدلے ہوئے بیان بہت وقت ہو گیا

سن فصل عشق کی مری برباد ہو گئی

کب تک بھروں لگان بہت وقت ہو گیا

ہم خاندانی لوگ انا سے بھرے ہوئے

بکھرا ہے خاندان بہت وقت ہو گیا

خانہ بدوش روح تو کھنڈر میں قید ہے

ٹوٹے ہوئے مکان بہت وقت ہو گیا

ہم سے لپٹ کے رونے کو ہی آؤ ایک دن

روئے ہوئے بھی جان بہت وقت ہو گیا

جنت کا آدمی ہوں زمیں پہ اداس ہوں

کچھ سوچ آسمان بہت وقت ہو گیا