داغ نیازی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تخت و تاج اور نہ کچھ مال و زر چاہیے (غزل)
تخت و تاج اور نہ کچھ مال و زر چاہیے
مجھ کو تو صرف اس کی خبر چاہئے
دھوپ آنگن سے جاتی نہیں ہے کبھی
سائے کے واسطے اک شجر چاہیے
در بدر ٹھوکریں کھا کے آیا ہوں میں
میرے سر کو ترا سنگ در چاہیے
توڑ دے جو قفس کی سبھی تیلیاں
مجھ کو وہ قوت بال و پر چاہیے
جن کی راتیں گزرتی ہیں زیر فلک
ان کو بھی شہر میں کوئی گھر چاہیے
نقش غم جو مٹا دے دل زار کا
داغؔ کو وہ کرم کی نظر چاہیے
جب تلک بے خودی نہیں ہوتی (غزل)
جب تلک بے خودی نہیں ہوتی
عشق میں چاشنی نہیں ہوتی
کوششیں میں نے کیں بہت لیکن
حادثوں میں کمی نہیں ہوتی
جب سے چھوڑا ہے اس نے ساتھ مرا
دل کو راحت کبھی نہیں ہوتی
آپ چاہیں تو روٹھ سکتے ہیں
ہم سے تو بے رخی نہیں ہوتی
ہم نے جاں تک نثار کر ڈالی
ان کو اب بھی خوشی نہیں ہوتی
جب نہ ہوں حسن یار کی باتیں
شاعری شاعری نہیں ہوتی
پہلے ہوتی تھیں بیٹھ کر باتیں
اب ملاقات بھی نہیں ہوتی
ان کے ملنے سے داغؔ دل کو مرے
اب تو کوئی خوشی نہیں ہوتی